pakistani flagشہر میں جگہ جگہ پرچموں اور جھنڈیوں کے سٹالز قائم ،بچوں کا جوش و خروش انتہا کو پہنچ گیا

کراچی  (اُردو لائن)  شہر قائد میں وطن عزیز کا جشن آزادی بھرپور انداز میں منانے کیلئے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں ۔ شہر بھر میں قومی پرچم ، ہری جھنڈیاں بیجز سمیت دیگر سجاوٹی اشیاء کی خریداری کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیا ہے ۔ کراچی میں ارض وطن کے یوم آزادی کے سلسلے میں جگہ جگہ سٹالز قائم کر دئیے گئے ہیں ۔ جہاں قومی پرچم ہری جھنڈیاں ، بیجز سمیت خوبصورت برسلٹ اور قومی پرچم کے کلرز پر مشتمل مختلف ڈیزائن کی سجاوٹی اشیاء فروخت کی جا رہی ہیں ۔ قومی جوش و جذبے سے سرشار معصوم بچے اپنی عیدی سے قومی پرچم اور جھنڈیاں خرید کر 14اگست کی تیاریاں کررہے ہیں ۔ جشن آزادی کی آمد قریب ہونے کے باعث موٹر سائیکل اور گاڑیوں کو قومی پرچم سے سجایا جا رہا ہے ۔ 14 اگست کی مناسبت سے سرکاری عمارتوں ، گھروں اور دیگر مقامات کو سبز ہلالی پرچم اور جھنڈیوں سے سجانے کیلئے خریداری کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیا ہے ۔ یوم آزادی کی مناسبت سے لڑکیوں کیلئے سبز و سفید رنگوں کی خوبصورت چوڑیاں ، ہئیرکلپس ، منفرد انداز کے کیپ اور دیگر اشیاء کی خرید و فروخت کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔